ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کا صدر کو خط:مودی کو ’آگاہ‘کریں،’دھمکی بھری زبان‘نہ بولیں

کانگریس کا صدر کو خط:مودی کو ’آگاہ‘کریں،’دھمکی بھری زبان‘نہ بولیں

Tue, 15 May 2018 00:04:23    S.O. News Service

نئی دہلی،14؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) کرناٹک اسمبلی انتخابات مہم کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کا ایک حصہ کو لے کر کانگریس پارٹی نے صدر کو خط لکھ کر اپیل کی ہے کہ وہ مودی کو مستقبل میں ’دھمکانے والے اور ناپسندیدہ‘تبصرہ نہ کرنے کے لئے مشورہ دیں کیونکہ اس طرح کی زبان وزیر اعظم کے عہدے کے وقار کے مطابق نہیں ہے۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے صدر رام ناتھ کووند کو 13 مئی کو بھیجے گئے خط میں اس پر سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر ملک ارجن کھڑگے، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد اور لیڈر آنند شرما، پارٹی کے خزانچی موتی لال وورا، پارٹی جنرل سکریٹری اشوک گہلوت، سینئر لیڈر احمدپٹیل، سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم اور پارٹی کے کچھ دیگر سینئر رہنماؤں کے دستخط ہیں۔اہم اپوزیشن پارٹی نے اس خط میں وزیر اعظم کی طرف سے چھ مئی کو ہبلی میں ایک انتخابی ریلی میں دی گئی تقریر کا ایک حصے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ نریندر مودی نے کہاکہ کانگریس کے لیڈر سن لیجئے،اگر حدود کو پار کرو گے تو یہ مودی ہے، لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔کانگریس نے اس خط میں الزام لگایاکہ وزیر اعظم نے کانگریس کی قیادت کو دھمکی دی، جوقابل مذمت ہے۔آئینی طور پر حکومت 1.30 ارب آبادی والے جمہوری ملک کے وزیر اعظم کی زبان یہ نہیں ہو سکتی۔عوامی یا ذاتی طور پر اس طرح کا خیال ناقابل قبول ہے۔ جن الفاظ کا استعمال ہوا وہ دھمکی بھرے ہیں اوران کا مقصد توہین کرنا ہے۔پارٹی نے کہاکہ کانگریس ملک کی سب سے پرانی پارٹی ہے اور بہت سے چیلنجوں اور دھمکیوں کا سامنا کر چکی ہے۔چیلنجوں اور خطرات کا سامنا کرنے میں کانگریس قیادت نے ہمیشہ ہمت سے کام لیا ہے۔ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس طرح کی دھمکیوں سے نہ تو پارٹی اور نہ ہی ہماری قیادت جھکنے والی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈروں نے اس خط میں یہ بھی کہاکہ صدر ملک کا آئینی سربراہ ہوتا ہے اور وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کے لیے مشاورت دینا یا نقش قدم پر چلنا صدر کا فرض ہوتا ہے۔وزیر اعظم سے اس طرح کی زبان کی توقع نہیں کی جاتی ہے چاہے وہ الیکشن کے وقت ہی کیوں نہیں بول رہے ہوں۔پارٹی نے کہاکہ صدر وزیر اعظم کوآگاہ کریں کہ وہ کانگریس پارٹی یا کسی بھی دوسری پارٹی کے لئے اس قسم کی ناپسندیدہ اور دھمکی بھری زبان کا استعمال نہ کریں کیونکہ یہ وزیر اعظم کے عہدے کے وقار کے خلاف ہے۔


Share: